اسلام آباد۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کے روز بارش اور ژالہ باری کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی،اٹک، مری گلیات،کشمیر میں آدھی طوفان اور کالہ گھٹا نے چھانے کے بعد زبر دست بارش اور ژالہ باری ہوئی ۔ طوفانی بارش کے باعث این ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ۔
شہریوں سے احتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں گرمی کا زورٹوٹ گیا ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ اس کے علاوہ سوات کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی، سوات کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش سے بجلی کی بندش اور شدید گرمی سے پریشان عوام کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
پنجاب ، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، سائن بورڈز تیز ہوائیں اپنے ساتھ لے گئیں ۔بیشتر اضلاع میں کھمبے گرنے سے بجلی بھی معطل ہوگئی۔ دوپہر کے وقت شدید آندھی اور گردوغبار سے ہر طرف اندھیرا چھا گیا ۔مختلف حادثات و واقعات 7 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے
لاہور میں تیز آندھی کی وجہ سے ہر طرف اندھیرا چھا گیا ،سائن بورڈ اڑ گئے ،درخت گر گئے ، بجلی کا نظام متاثر ہوا ،موٹروےایم2کوٹھوکرسےکوٹ مومن تک اورموٹروےایم3فیض پورسےدرخانہ تک بند رہی
پنجاب کے دیگر اضلاع شیخوپورہ ، فاروق آباد ، سیالکوٹ، سرگودھا، پھالیہ، چنیوٹ ، منڈی بہاالدین ،جہلم ، لالا موسی اور ٹیکسلا سمیت دیگر اضلاع میں بھی گردوغبار کا طوفان آیا اور پھر بارش ہوئی
کئی اضلاع میں فیڈر ٹرپ کرگئے ، بجلی کے کھمبے گر گئے اور کئی مقامات پر درخت بجلی کے تاروں پر جاگرے ،خیبر پختونخوا میں بھی سیاہ بادل تیز ہواؤں کے ساتھ داخل ہوئے ،سوات میں آندھی کے بعد بارش ہوئی کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی ۔ باغات کو شدید نقصان پہنچا ۔ ندی نالوں میں طغیانی آگئی
پشاور ، مالا کنڈ ، ہری پور صوابی نوشہرہ اور باڑہ میں بھی آندھی کی وجہ سے سائن بورڈز ہوائیں اپنے ساتھ لے گئیں بجلی کی ترسیل کا نظام بھی متاثر ہوا ،راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ،ملکہ کوہسار مری میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، موسم سرد ہوگیا
آزاد کشمیر میں جہلم ویلی لیپہ پلندری میں آندھی کے بعد بارش ہوئی وادی نیلم کے باڑیاں نالے میں طغیانی ہے شاہراہ نیلم پر ٹریفک معطل رہی، بلوچستان میں لسبیلہ بارکھان اور سبی میں بھی بارش ہوئی جبکہ بارکھان کی یونین کونسل تغاؤ تکھڑا میں سولر پینلز کو نقصان پہنچا جبکہ باغات بھی متاثر ہوئے
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب: اٹک میں 48، اسلام آباد میں38 ملی میٹر،راولپنڈی شمس آباد 36، چکلالہ میں بیس ملی میٹر، جوہرآباد 16، منگلا 14، چکوال 12، مری 11، جہلم 07، منڈی بہاؤالدین 07، سیالکوٹ سٹی میں 5ملی میٹر،شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں 02، گجرات میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ خیبرپختونخوا: مالم جبہ میں 21، سیدو شریف 14، کاکول 08، لوئر دیر 05 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں 13، راولاکوٹ 12، گڑھی دوپٹہ02 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ بلوچستان کے علاقے لسبیلہ 05، بارکھان اور سبی میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔