اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اورنج لائن، گرین لائن، بلیو لائن میٹرو اور الیکٹرک بس سروس کے کرائے 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے مقرر کر دیے گئے ہیں۔
سی ڈی اے کے تحت چلنے والی بس سروس کے اسٹاپ ٹو اسٹاپ کرایے بھی اب 100 روپے ہوں گے۔ کرایوں میں اضافے کا اطلاق پیر 26 مئی 2025 سے ہو گا۔
اسلام آباد میں میٹرو اور الیکٹرک فیڈر بسیں مجموعی طور پر 17 روٹس پر چلتی ہیں اور اس فیصلے سے روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے 90 ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوں گے۔
حکام کے مطابق کرایوں میں اضافے کا فیصلہ بڑھتے ہوئے اخراجات اور سروس کی پائیداری کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ تاہم شہریوں نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کرایے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔