لاہور: پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 54ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس تقریب میں 118 افسران کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جن میں 44 دوست ممالک کے افسران بھی شامل تھے، جو اس بات کا مظہر ہے کہ نیوی وار کالج عالمی سطح پر دفاعی تعلیم و تربیت کے شعبے میں ایک نمایاں ادارہ بن چکا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے موجودہ دور میں جنگی نوعیت میں تبدیلیوں اور سمندری سلامتی کو درپیش نئے چیلنجز کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اس بات کی واضح مثال ہے کہ جنگ کے طریقے مسلسل بدل رہے ہیں، اور ہمیں اپنی حکمت عملیوں کو ان تبدیلیوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر ایڈمرل نوید اشرف نے کامیاب گریجویٹس کو ڈگریاں تفویض کیں اور ان کی محنت و عزم کو سراہا