واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین پر یکم جون 2025 سے 50 فیصد تجارتی ٹیرف عائد کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یورپی یونین کے ساتھ تجارتی تعلقات امریکی مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ معاملات نہایت پیچیدہ اور یکطرفہ ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ویٹ ٹیکس، کارپوریٹ جرمانے، غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں اور امریکی کمپنیوں کے خلاف بلاجواز مقدمات جیسے اقدامات کی وجہ سے امریکا کو ہر سال 25 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور کسی مثبت نتیجے تک نہیں پہنچ پا رہے، جس کے پیش نظر وہ یکم جون سے 50 فیصد تجارتی ٹیرف نافذ کرنے کی سفارش کر رہے ہیں۔ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کوئی چیز امریکا میں تیار کی گئی ہو تو اس پر ٹیرف لاگو نہیں ہوگا۔
اس سے قبل اپریل میں ٹرمپ نے یورپی یونین پر 20 فیصد جوابی ٹیرف عائد کیا تھا جسے بعد میں منسوخ کردیا گیا تھا۔