اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان اور سابق وفاقی وزیر حنا ربانی کھر بھی شریک تھیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے اہم عالمی دارالحکومتوں میں پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے اور بھارتی جارحیت و اشتعال انگیز پالیسیوں کو دنیا کے سامنے لانے کے حوالے سے رہنمائی لی۔ انہوں نے قومی سفارتی مہم کی قیادت سونپنے پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ “آپ کی قیادت میں وفد پاکستان کا مؤقف مؤثر اور بھرپور انداز میں عالمی سطح پر پیش کرے گا۔”
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔