اسلام آباد ۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بیٹن سے نوازدیا ہے ۔یہ اعزاز جنرل عاصم منیر کو ان کی بے مثال قیادت اور قومی سلامتی کے لیے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف کے طور پر پیش کیا گیا۔
یہ اعزازی تقریب صبح 8 بجے شروع ہوئی، جس کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، اس کے بعد قرآنِ پاک کی تلاوت سے محفل کو جِلا بخشی گئی۔ایوانِ صدر میں منعقدہ اس پروقار تقریب میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، سابق وزیراعظم نواز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ وفاقی وزراء، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، صوبائی گورنرز، پارلیمنٹ کے اراکین، غیر ملکی سفیروں اور اعلیٰ سول و عسکری شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر جنرل عاصم منیر نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا،انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وہ اس اعزاز پر اللہ کے شکر گزار ہیں اور اسے اپنی ٹیم کے عزم اور قربانیوں کا اعتراف قرار دیتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، اور ملک کی سرحدوں کی کامیابی سے حفاظت کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشکل حالات میں جرأت اور حوصلے کی مثال قائم کی۔ آپریشن “بنیان مرصوص” کے دوران ان کی قائدانہ صلاحیتیں واضح ہوئیں، جنہیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم یہاں اپنی بہادر مسلح افواج کے عظیم سپوت کو سب سے اعلیٰ فوجی اعزاز دینے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، اور جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا بیٹن دینا ایک باعث افتخار لمحہ ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں جنرل عاصم منیر نے میدانِ جنگ میں قیادت کا عملی مظاہرہ کیا، اور پوری قوم نے اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہو کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، مگر اس کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔