اسلام آباد ۔سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے عوامی سہولت مرکز کے قیام کا باضابطہ آغازکر دیا گیا ہے ۔
جمعرات کے روز شہریوں اور سائلین کے لیے سہولیات فراہم کرنے والے عوامی مرکز کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس مرکز کا مقصد عدالتی خدمات کو ایک ہی مقام پر یکجا کرنا اور عوام کی رسائی کو آسان بنانا ہے۔ منصوبے کی تکمیل دو ماہ میں متوقع ہے اور اس کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
اس مرکز کا سنگ بنیاد سپریم کورٹ بلڈنگ کمیٹی کے سربراہ، جسٹس جمال خان مندوخیل نے رکھا۔ اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان سمیت سپریم کورٹ کے دیگر معزز ججز، اٹارنی جنرل آف پاکستان اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ سائلین عدالتی نظام میں اصلاحات کا بنیادی جزو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سہولت مرکز جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگا، جہاں شہریوں کو تمام عدالتی خدمات ایک ہی چھت کے نیچے مہیا کی جائیں گی۔ یہ مرکز انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید شفاف اور تیز بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔