لاس اینجلس: مشہور امریکی گلوکار جسٹن بیبر نے اپنی اہلیہ ہیلی بیبر سے سوشل میڈیا کے ذریعے ماضی کے ایک تلخ تبصرے پر باضابطہ معافی مانگ لی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جسٹن بیبر نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ایک پرانی بحث کے دوران غصے میں آ کر ہیلی کو کہا تھا کہ وہ کبھی بھی ووگ میگزین کے سرورق پر نظر نہیں آئیں گی۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ہیلی بیبر نے حال ہی میں ووگ میگزین کے کور پیج پر جگہ حاصل کی۔ اس موقع پر جسٹن نے انسٹاگرام پر ہیلی کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اس پرانی بات کو یاد کیا اور کہا کہ وہ الفاظ انہوں نے دانستہ طور پر کہے تھے، لیکن ان کا مقصد ہیلی کو تکلیف دینا نہیں تھا۔
جسٹن بیبر نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ وقت کے ساتھ انسان سمجھتا ہے کہ غصہ اور انتقامی رویہ تعلقات کو جوڑنے کے بجائے مزید خراب کرتا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اس وقت غلط تھے اور دل سے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے لکھا:
’’بیبی، تم جانتی ہو… لیکن پھر بھی میں معافی مانگتا ہوں کہ میں نے کہا تم ووگ پر نہیں آؤ گی، کیونکہ میں مکمل طور پر غلط تھا۔‘‘
بعد ازاں جسٹن نے اپنی اصل پوسٹ ڈیلیٹ کر دی اور اس کی جگہ صرف ایموجیز پر مشتمل ایک نیا کیپشن اپلوڈ کیا، جس پر مداحوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔
واضح رہے کہ ہیلی بیبر کا ووگ انٹرویو ان کے کیریئر کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے نہ صرف اپنی ازدواجی زندگی اور ذاتی چیلنجز پر گفتگو کی بلکہ پوسٹ پارٹم تجربات کے بارے میں بھی کھل کر بات کی۔