اسلام آباد ۔عالمی ادارۂ صحت نے پاکستان کو آنکھوں کی خطرناک بیماری “ٹریکوما” کے خاتمے پر عالمی سطح کا اعزاز دیا، جو وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے وصول کیا۔
پاکستان کو ٹریکوما جیسے مہلک مرض کے کامیاب خاتمے پر بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا، اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) نے ملک کو ایک باوقار ایوارڈ سے نوازا۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق یہ اعزاز جنیوا میں جاری ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے موقع پر دیا گیا، جہاں ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو اعزازی سند پیش کی۔
اس موقع پر سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ “یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے”۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریکوما ایک بیکٹیریا سے پیدا ہونے والی آنکھوں کی بیماری ہے جو اگر علاج نہ ہو تو اندھے پن کا باعث بن سکتی ہے، اور اس کے خاتمے پر پاکستان کا عالمی سطح پر اعتراف باعثِ فخر ہے۔
وزیر صحت نے اس سنگ میل کو عوامی صحت کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ “جس طرح ہم نے ٹریکوما کا خاتمہ کیا ہے، اسی عزم کے ساتھ ہم پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بھی کام کریں گے۔”