اسلام آباد۔ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں پاکستان کی مسلح افواج کی غیر معمولی جرات اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (ZTBL) کے مرکزی دفتر میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی، جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بینک کی عمارتوں کو خصوصی طور پر روشن کیا گیا۔
بینک کی جانب سے یومِ تشکر کے موقع پر ملک بھر کے علاقائی دفاتر میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔ ان تقریبات کی قیادت صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ZTBL، طاہر یعقوب بھٹی نے کی۔ انہوں نے سینئر انتظامیہ کے ہمراہ ہماری بہادر افواج کے حق میں نعرے لگائے اور افواج پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔تقریب کے دوران “اللہ اکبر” اور “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طاہر یعقوب بھٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی نے دنیا بھر میں یہ واضح کر دیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اس وقت بے کار ہو جاتی ہے جب اسے غیر پیشہ ور افراد استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پائلٹس نے دشمن کے جدید ترین طیاروں کو شکست دے کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور اگر ہمیں درست مواقع اور قیادت ملے تو ہم دنیا کو حیران کر سکتے ہیں۔ہم یومِ تشکر اس لیے مناتے ہیں کہ ہم نے اپنے سے دس گنا بڑی طاقت کو شکست دی۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ مکمل طاقت صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔