واشنگٹن۔امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سب سے چھوٹی بیٹی، ٹفنی ٹرمپ، پہلی بار ماں بن گئی ہیں۔ٹفنی ٹرمپ نے انسٹاگرام پر دو روز قبل اپنے نومولود بیٹے کی تصویر شیئر کی، جس میں انہوں نے ننھے مہمان کا نام بھی ظاہر کیا۔ انہوں نے جذباتی انداز میں لکھا:
“دنیا میں خوش آمدید، ہمارے پیارے بیٹے، الیگزینڈر ٹرمپ بولس۔ ہم تم سے بے حد محبت کرتے ہیں، ایسی محبت جو لفظوں میں بیان نہیں کی جا سکتی۔”
31 سالہ ٹفنی نے نومبر 2022 میں لبنانی نژاد مائیکل بولس سے شادی کی تھی، اور الیگزینڈر ان کا پہلا بچہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان میں پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
ٹرمپ کے موجودہ 10 پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں ان کے بچوں ڈونلڈ جونیئر (5 بچے)، ایرک (2 بچے) اور ایوانکا (3 بچے) سے ہیں، جن میں اب ٹفنی کا بیٹا بھی شامل ہو گیا ہے۔
ٹفنی ٹرمپ، جو 1999 میں والدین کی علیحدگی کے بعد زیادہ تر وقت اپنی والدہ کے ساتھ کیلیفورنیا میں گزارتی رہیں، گزشتہ برس اکتوبر میں اس وقت خبروں کی زینت بنی تھیں جب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ان کی حمل کی خبر کا انکشاف کیا تھا۔