اسلام آباد ۔وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران شاہد آفریدی نے ملکی سرحدوں کے دفاع میں مسلح افواج کی جرات مندانہ کارکردگی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا، اور بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینے پر ان کی تعریف کی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اس نازک وقت میں پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شاہد آفریدی کی وطن سے وابستگی اور قومی یکجہتی کے لیے کوششوں کو سراہا اور انہیں شاندار ریلی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے شاہد آفریدی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔