بھارتی جارحیت کے پس منظر میں پاکستان کے دفاعی شراکت دار چین کی جانب سے ایک اہم علامتی پیغام سامنے آیا ہے۔چین کے شہر چینگڈو میں واقع “چینگ فی ایوی ایشن ایجوکیشن تھیم پارک” ان دنوں دفاعی شوقین افراد اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
پارک میں چین کے جدید جنگی طیاروں کے ماڈلز نمائش کے لیے موجود ہیں جن میں J-20، J-10C اور پاکستان اور چین کے مشترکہ منصوبے کا شاہکار JF-17 تھنڈر بھی شامل ہے۔ یہ طیارے نہ صرف سیلفی لینے والوں کے لیے پرکشش مقام بن گئے ہیں بلکہ دفاعی صلاحیتوں کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں۔
پارک انتظامیہ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد اس نمائش کو دیکھنے آ رہے ہیں، اور نوجوان طبقہ خاص طور پر چینی دفاعی ٹیکنالوجی میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کر رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ JF-17 تھنڈر کی موجودگی پاکستان اور چین کی دفاعی شراکت داری کی مضبوط علامت ہے، جو خطے میں طاقت کے توازن کو مؤثر انداز میں پیش کر رہی ہے۔
ایسے وقت میں جب خطے میں دفاعی تناؤ بڑھ رہا ہے۔چین کی یہ عوامی نمائش نہ صرف حب الوطنی کو فروغ دے رہی ہے بلکہ اپنے اتحادیوں، خصوصاً پاکستان، کو دفاعی حمایت کے اشارے بھی دے رہی ہے۔
فضائی محاذ پر پاکستانی شاہینوں کی برتری
حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران پاکستان ایئرفورس نے بھارتی فضائیہ کے 6جنگی طیارے تباہ کر دیے۔ اس کاروائی نے نہ صرف بھارت کو حیران کر دیا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کی فضائی صلاحیتوں کو تسلیم کیا گیا۔
اس اہم آپریشن میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کے ساتھ ساتھ چینی ٹیکنالوجی کو بھی خوب سراہا گیا۔ اس لڑائی نے پاک فضائیہ کی تکنیکی برتری کو دنیا بھر میں ثابت کردیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ حملہ بھارت کی جارحانہ حکمت عملی پر کاری ضرب تھا اور ایک بار پھر واضح کیا کہ جذبہ مہارت اور ٹیکنالوجی کے امتزاج سے پاکستان کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔