اسلام آباد ۔انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی بیرون ملک روانگی کی درخواست مسترد کر دی
تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی طرف سے دائر کی گئی حاضری سے چھوٹ اور بیرون ملک سفر کی اجازت کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
سماعت کے دوران علیمہ خان کے وکلاء فیصل ملک اور علی بخاری نے عدالت کے سامنے اپنے دلائل پیش کیے، جب کہ سرکاری وکیل ظہیر شاہ نے ان کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے اور استدعا کی کہ درخواست مسترد کی جائے۔
پراسیکیوشن کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ چونکہ فنڈ ریزنگ کی سرگرمیاں جاری ہیں، اور علیمہ خان کا اس میں کوئی براہِ راست کردار ثابت نہیں ہوتا، اس لیے ان کی درخواست ناقابلِ قبول ہے۔
تمام دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو بعد میں جاری کرتے ہوئے درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ علیمہ خان کو حاضری سے استثنا اور بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک ہفتے سے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہیں تاکہ بیرون ملک سفر کی اجازت مل سکے، لیکن اُنہیں روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر مجھ سے خوف کس بات کا ہے؟