اسلام آباد۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے نہ صرف پانچ بھارتی لڑاکا طیارے بلکہ 77 ڈرونز کو بھی کامیابی سے مار گرایا، جس سے روایتی جنگ میں پاکستان کو واضح سبقت حاصل ہوئی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دشمن کے پانچ جنگی طیاروں اور درجنوں ڈرونز کو تباہ کرنا پاکستان کی فضائی دفاعی صلاحیت اور عسکری برتری کا واضح مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ملک ہے، لیکن کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف دفاع کرنا ہمارا آئینی، اخلاقی اور حکومتی فرض ہے، جسے ہم نے سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ نبھایا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے حالیہ کشیدگی کے دوران نہ صرف سرحدی خلاف ورزیاں کیں بلکہ اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے اندرون ملک میڈیا کے ذریعے جھوٹ پر مبنی ایک وسیع پروپیگنڈا مہم شروع کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ پر منظم انداز میں پرانی ویڈیوز، گمراہ کن تصاویر اور جعلی خبروں کے ذریعے ایک من گھڑت کہانی پیش کی جا رہی ہے، جو بھارتی قیادت کی بوکھلاہٹ اور ناکامی کی غمازی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارتی جھوٹے بیانیے کو مؤثر طریقے سے بے نقاب کیا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت کو بین الاقوامی سطح پر مزید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا نے خود دیکھا ہے کہ بھارت کس طرح اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے غلط معلومات کا سہارا لے رہا ہے، لیکن یہ حکمت عملی الٹا بھارت کے لیے خفت کا باعث بنی ہے۔