نئی دہلی ۔خطے میں جاری کشیدگی اور سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں آئی پی ایل کے رواں سیزن کے مستقبل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بی سی سی آئی کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی اور موجودہ حالات کے تناظر میں ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ روز پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان میچ کے دوران اچانک غیر معمولی صورتحال پیش آئی، جس کے بعد حکام نے میچ روک دیا۔ آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل نے بعد ازاں میچ کی منسوخی کا اعلان کیا، جس سے اسٹیڈیم میں موجود کھلاڑی، شائقین اور دیگر اسٹاف ارکان میں بےچینی پھیل گئی۔
اسی واقعے کے بعد ایک چیئرلیڈر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ خوف اور اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ اچانک اسٹیڈیم خالی کرایا گیا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب تک اس صدمے سے باہر نہیں آ سکیں۔
موجودہ کشیدہ حالات میں بھارت کو لائن آف کنٹرول پر شدید ردعمل کا سامنا رہا ہے، جہاں حالیہ دنوں میں رافیل طیاروں، اسرائیلی ساختہ ڈرونز اور متعدد فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی و سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، ان واقعات کے بعد بھارت کو بین الاقوامی سطح پر دباؤ اور اندرونی سطح پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔
آئی پی ایل کی معطلی کو بعض مبصرین بھارت کی داخلی کمزوریوں اور جنگی دباؤ سے نمٹنے کی ایک علامت قرار دے رہے ہیں۔ حالات کی سنگینی نے حکومت کو کرکٹ جیسے بڑے ایونٹ کو بھی ملتوی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔