اسلام آباد ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں 40 سے 50 بھارتی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے 25 بھارتی ڈرونز کو نشانہ بنایا، جن میں سے کچھ کو نظام مفلوج کر کے جبکہ باقی کو گرا کر ختم کیا گیا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو داد دیتا ہوں کہ ان کے مؤقف کی وجہ سے عالمی سطح پر اتحاد کا پیغام گیا۔ دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، لیکن جس غرور سے بھارت پاکستان کی طرف دیکھ رہا تھا، وہ اسے مہنگا پڑا۔ رافیل طیاروں پر بھارتی فخر خاک میں مل گیا، اور بھارت کو پسپائی اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ اب بھارت نے اپنی حکمت عملی بدلنے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ اپنی شکست چھپا سکے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دشمن جدید ترین ہتھیار لے کر آیا تھا اور یہ سمجھا جا رہا تھا کہ پاکستان کو بھاری نقصان پہنچے گا، لیکن پاکستانی مسلح افواج نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ یہ صرف جنگی طیارے نہیں گرے بلکہ بھارت کا تکبر زمین بوس ہوا۔ پہلی بار ان کو چائے پیش کی گئی تھی، اس بار بھی چائے تیار تھی مگر دشمن فرار ہو گیا، اس لیے چائے کی ہوم ڈیلیوری کر دی گئی۔ ہم اس پارلیمان کے ذریعے اپنے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ڈرون حملوں میں اسرائیلی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی۔ ان ڈرونز کو بھی رافیل طیاروں کی طرح جدید سمجھا جاتا تھا، مگر پاکستان نے ان کا کامیابی سے توڑ نکالا۔ بھارت کو ایل او سی پر بھاری جانی اور عسکری نقصان اٹھانا پڑا۔ جب بھارتی چوکیوں پر سفید جھنڈے لہرائے گئے، تو یہ پاکستان کی فتح کا اعلان تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا ایک ڈرون سکھوں کے مقدس مقام، گوردوارے میں گرا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت سکھ برادری کو پاکستان کے خلاف کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ لیکن پاکستان نے بھارت کو نہ صرف جواب دیا بلکہ اسے مسلسل جواب دیتا رہے گا۔ اب ہم فیصلہ کریں گے کہ کب، کہاں اور کس انداز سے ردعمل دینا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو مکمل اختیار دے دیا ہے، بھارت نے ابتدا کی ہے، اختتام ہم کریں گے۔ ہر جواب بھرپور، منصوبہ بندی کے ساتھ اور مکمل تیاری سے دیا جائے گا۔