لاس اینجلس۔امریکی سوشل میڈیا آئیکون کائلی جینر اور ہالی ووڈ اداکار تیموتھی شالامی نے دو سالہ تعلق کے بعد بالآخر اپنے رومانوی رشتے کو عوامی سطح پر تسلیم کرتے ہوئے ریڈ کارپٹ پر باضابطہ ظہور کیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، دونوں نے اٹلی کے دارالحکومت روم میں ہونے والے ’ڈیوڈ دی ڈوناتیلو ایوارڈز‘ میں بطور جوڑا اپنی پہلی ریڈ کارپٹ انٹری دی۔ اگرچہ حالیہ مہینوں میں انہیں متعدد مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، تاہم یہ ان کا پہلا آفیشل پبلک ایونٹ تھا۔
یہ رومانس 2023 میں شروع ہوا تھا، اور اب دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بے تکلف اور محبت بھرے انداز میں تقریب میں شریک ہوئے۔ ریڈ کارپٹ پر دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے اور خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے، جب کہ تیموتھی کو کائلی کو گلے لگاتے ہوئے بھی کیمرے نے محفوظ کیا۔
کائلی جینر نے اس موقع پر ایک سیاہ رنگ کا دیدہ زیب گاؤن پہنا جس پر باریک اور نفیس کڑھائی کی گئی تھی۔ ان کے گہرے نیک لائن والے لباس کو مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔
یہ بھی یاد رہے کہ کائلی اس سے قبل ریپر ٹریوس اسکاٹ کے ساتھ رشتے میں تھیں، جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ دونوں نے 2019 میں علیحدگی اختیار کی تھی۔