اسلام آباد ۔پاکستان سے جنگی محاذ پر بدترین شکست کھانے کے بعد بھارت نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک بین الاقوامی کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
بھارت کی انتہاپسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے منفی اور گمراہ کن بیانیے کو تقویت دینے کے لیے ملکی میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے پی ایس ایل کو بدنام کرنے کی مہم شروع کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے پی ایس ایل میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر شکوک و شبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں، بالخصوص نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں کی سلامتی پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے سات کھلاڑی — سیم بلنگز، جیمز ونس، ٹام کرن، ڈیوڈ ولی، کرس جارڈن، ٹام کوہلر کیڈمور اور لیوک ووڈ — اس وقت پی ایس ایل کا حصہ ہیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ ڈیوڈ ولی اور کرس جارڈن نے اپنی ٹیم ملتان سلطانز سے واپسی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اصل صورتحال یہ ہے کہ ملتان سلطانز پہلے ہی کوالیفائر مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے، اور ٹیم اپنا آخری میچ اتوار کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلنے جا رہی ہے۔