اسلام آباد۔خطے میں جاری کشیدہ حالات اور حالیہ جنگی تنازعے کے پیش نظر پاکستان نے بھارتی فلموں کو نمائش کی اجازت دینے کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستانی حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کسی بھی بھارتی فلم کو این او سی (No Objection Certificate) جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس اقدام کا اطلاق بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ بھارتی پنجابی فلموں پر بھی ہوگا۔
حکام کے مطابق، اس وقت بھارتی فلموں کی متعدد این او سی درخواستیں مختلف سرکاری اداروں کے پاس زیر غور ہیں، تاہم ان پر مزید کارروائی فی الحال روک دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ قومی جذبات کے احترام اور ممکنہ عوامی ردِ عمل سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔