اسلام آباد ۔بھارت نے ایک بار پھر رات کی تاریکی میں بزدلانہ حرکت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی فضائی حدود سے پاکستان کے مختلف علاقوں پر بلااشتعال میزائل حملے کیے۔ اس جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
اس افسوسناک صورتحال پر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے سخت ردِ عمل دیتے ہوئے بھارتی کارروائی کی کھل کر مذمت کی ہے۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان، جو شاہ رُخ خان کے ساتھ بھارتی فلم میں کام کر چکی ہیں، نے ان حملوں کو بزدلانہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے نازک وقت میں وہ اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
اداکار بلال عباس خان نے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور بھارتی اقدامات کو قابلِ مذمت اور کمزور قوم کی نشانی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام پہلے سے کہیں زیادہ متحد اور باہمی فخر کے جذبے سے سرشار ہیں۔
اداکارہ ماورا حسین، جنہوں نے بھارتی فلم صنم تیری قسم میں مرکزی کردار ادا کیا، نے بھی بھارت کی حالیہ کارروائی کی سخت مذمت کی اور معصوم شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے ان واقعات کے تناظر میں پاکستان کے قیام اور آزادی پر شکر ادا کرتے ہوئے بانی پاکستان، قائداعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیا۔
اداکارہ عروہ حسین نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جنگ نہیں بلکہ انا پرستی کی بنیاد پر کی جانے والی سازش ہے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کو بڑھانا اور جھوٹے بیانیے کو فروغ دینا ہے۔
اداکار منیب بٹ نے ایک ویڈیو پیغام میں بھارت کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس طرح کی بزدلانہ حرکات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔