اسلام آباد۔پاکستان کے مقامی ای وی اسٹارٹ اپ براقی نے ایک نئی الیکٹرک موٹرسائیکل متعارف کرائی ہے، جو ایک ہی چارج پر 500 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ یہ موٹرسائیکل 2 کلو واٹ ہائی ٹارک لی آئن موٹر پر چلتی ہے اور اس میں 10.43 کلو واٹ این سی ایم (نکل کوبالٹ مینگنیج) بیٹری موجود ہے، جو کسی گھر میں نصب سولر سسٹم کی بیٹری سے بھی بڑی ہے۔ یہ بیٹری موٹرسائیکل کو طویل فاصلہ طے کرنے میں مدد دیتی ہے اور اعلی معیار کی توانائی فراہم کرتی ہے۔
براقی نے اس موٹرسائیکل کے لیے کمپیکٹ ڈیزائن اور استحکام کے مقصد سے الیکٹرانکس اور چارجنگ پورٹ کو ٹینک کے اندر رکھا ہے، جس سے اس کی مرمت آسان ہوتی ہے اور اس کے حصے مقامی طور پر دستیاب رہتے ہیں، جو اس کی مرمت کے اخراجات کو کم کر دیتا ہے۔
کارکردگی کی بات کریں تو یہ موٹرسائیکل 85 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے، اور صارفین اس کی رفتار کو 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تک انلاک کر سکتے ہیں۔ اس کے 4 گیئر ہیں، ایک ریورس گیئر اور ڈسک بریک بھی شامل ہیں۔ اس کی بیٹری کو مکمل طور پر چارج کرنے کے لیے 11.23 یونٹ بجلی درکار ہوتی ہے، جو تقریباً 450 سے 500 روپے کا خرچہ آتا ہے۔
اس موٹرسائیکل کا ٹاپ ماڈل 6 لاکھ 40 ہزار روپے کی قیمت پر دستیاب ہے، جبکہ اس کی بیٹری سولر مارکیٹ میں 6 لاکھ 50 ہزار روپے کی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔ براقی کمپنی نے اس بیٹری کے 11 مختلف ویریئنٹ پیش کیے ہیں، جن کی قیمت کم سے کم 2 لاکھ 30 ہزار روپے ہے۔