کابل۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے، جہاں اُنہوں نے افغان حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔
افغان وزارتِ خارجہ پہنچنے پر افغان وزیرِ خارجہ مولوی امیر خان متقی نے ان کا استقبال کیا۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم گفتگو ہوئی، جس میں تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ امن و ترقی کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں دو طرفہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت جاری رکھنے اور ایک مثبت ماحول کو برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
افغان ڈپٹی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر محمد نعیم وردگ، ڈی جی وزارتِ خارجہ مفتی نور احمد، اور چیف آف اسٹیٹ پروٹوکول فیصل جلالی نے ہوائی اڈے پر اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
اس موقع پر افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبید الرحمان نظامانی اور سفارت خانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، اسحاق ڈار کے ہمراہ وفد میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ریلوے، وزارتِ خارجہ اور ایف بی آر کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔
اس دورے کے دوران، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار افغان قائم مقام وزیرِ اعظم ملا محمد حسن اخوند اور دیگر عبوری افغان حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
مزید برآں، افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے تمام پہلوؤں پر گفتگو کی جائے گی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق، اس دورے میں باہمی مفادات کے تمام شعبوں جیسے سیکیورٹی، تجارت، رابطے، اور عوامی تعلقات میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
نائب وزیرِ اعظم کا یہ دورہ پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ مستحکم اور مستقل تعلقات کے عزم کا غماز ہے۔