عام طور پر وقت کی پابندی کو پیشہ ورانہ مہارت کی علامت سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر جب بات انٹرویوز کی ہو، لیکن ایک وائرل LinkedIn پوسٹ نے اس تصور کو چیلنج کر دیا ہے۔
اٹلانٹا میں واقع صفائی کی خدمات فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے مالک، میتھیو پریوٹ نے حال ہی میں لنکڈ اِن پر ایک تجربہ شیئر کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ ایک امیدوار، جسے آفس ایڈمنسٹریٹر کے عہدے کے لیے بلایا گیا تھا، انٹرویو کے طے شدہ وقت سے 25 منٹ پہلے دفتر پہنچ گیا۔
میتھیو کے مطابق، امیدوار کی یہ پیشگی آمد اُن کے لیے ایک منفی پہلو ثابت ہوئی اور یہی وجہ تھی کہ انہوں نے اسے ملازمت دینے سے گریز کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا: “میں نے پچھلے ہفتے ایک شخص کو انٹرویو کے لیے مدعو کیا، اور وہ 25 منٹ پہلے پہنچ گیا۔ یہی اس کے رد کیے جانے کی ایک بڑی وجہ بنی۔”
اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کمپنی کے مالک نے کہا کہ اگرچہ وقت سے کچھ پہلے پہنچنا مناسب سمجھا جاتا ہے، لیکن حد سے زیادہ جلدی آنا وقت کی ناقص منصوبہ بندی یا سماجی شعور کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کے مطابق، ایسا تاثر مل سکتا ہے کہ امیدوار وقت کی اہمیت کو درست انداز میں نہیں سمجھتا۔
میتھیو پریوٹ نے اس بات پر زور دیا کہ انٹرویو کے لیے پانچ سے دس منٹ قبل پہنچنا معقول ہے، لیکن اس سے زیادہ جلدی پہنچنا غیر پیشہ ورانہ رویے کے زمرے میں آ سکتا ہے۔