اسلام آباد ۔ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث عوام بڑی تیزی سے متبادل توانائی کی طرف رجوع کر رہے ہیں، خاص طور پر سولر پینلز کی جانب۔ اسی رجحان کے نتیجے میں پاکستان نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ سولر پینلز درآمد کرنے کا ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
برطانیہ کے توانائی سے متعلق تحقیقی ادارے ‘ایمبر’ کی ایک رپورٹ کے مطابق، سال 2024 میں پاکستان نے دیگر تمام ممالک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ سولر پینلز منگوائے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2024 کے دوران پاکستان نے جو سولر پینلز درآمد کیے، ان کی مجموعی پیداواری صلاحیت 17 گیگا واٹ بنتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان 17 گیگا واٹ سولر پینلز کو ملک کی مجموعی بجلی کی ضرورت سے تقابل کیا جائے تو یہ موجودہ پیداوار کا تقریباً نصف حصہ بنتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سولر پینلز کی اس بڑے پیمانے پر درآمد کے پیچھے نہ کوئی سرکاری منصوبہ بندی تھی اور نہ ہی بڑی سرمایہ کاری، بلکہ یہ اقدام مہنگی بجلی سے تنگ آئے عام شہریوں کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کا نتیجہ تھا، جنہوں نے گھریلو سطح پر متبادل توانائی کے ذرائع اپنانے کو ترجیح دی۔