غزہ۔غزہ سٹی میں واقع ال اہلی عرب اسپتال، جو شہر کا آخری مکمل فعال طبی مرکز تھا، ایک اسرائیلی فضائی حملے میں بری طرح تباہ ہو گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملے میں اسپتال کے انتہائی نگہداشت (ICU) اور جراحی (سرجری) کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے بعد اسپتال کی دو منزلہ عمارت سے شعلے اور گھنا دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا، جو علاقے میں خوف و ہراس کا سبب بنا۔
عینی شاہدین نے دل دہلا دینے والے مناظر کی عکاسی کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے بعد اسپتال میں موجود لوگ، جن میں کچھ مریض بیڈ پر لیٹے ہوئے تھے، خوف کے عالم میں باہر کی جانب دوڑتے نظر آئے۔ ان مناظر نے دیکھنے والوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ان کا ہدف اسپتال میں موجود حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز کو نشانہ بنانا تھا، تاہم غزہ کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دوسری جانب، غزہ کے علاقے دیر البلح میں ایک اور اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 37 افراد شہید ہوئے، جن میں 6 سگے بھائی بھی شامل تھے۔ یہ حملہ ایک رہائشی علاقے پر کیا گیا۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 50 ہزار 944 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ جبکہ حکومتی میڈیا دفتر کا کہنا ہے کہ شہادتوں کی مجموعی تعداد 61 ہزار 700 سے تجاوز کر چکی ہے۔
وزارتِ صحت کا مزید کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ ہزاروں افراد اب بھی منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جنہیں تاحال مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔