اسلام آباد ۔راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام پی ایف یو جے اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے انتخابات میں جرنلسٹس پینل کی شاندار کامیابی اور عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے چائنیز کمپنی شینگ شینگ انٹرنیشنل کے تعاون سے ’’موتی محل تھیٹر ‘‘ راولپنڈی میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے تفریحی سٹیج ڈرامہ “دیوانے سولر دے ” کے خصوصی شو کا اہتمام کیا گیا ۔
راولپنڈی اسلام اباد کے سیکڑوں صحافیوں نے اس فری خصوصی شو میں فیملیوں سمیت شرکت کی۔ اس موقع پر تحسین فواد ایم پی اے مہمان خصوصی تھیں۔ راولپنڈی اسلام اباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق علی ورک،سینئر نائب صدر بشیر عثمانی ، ،سینئر جوائینٹ سیکرٹری گلزار خان، جوائنٹ سیکرٹری مجاہد نقوی ،ایگزیکٹو ممبر علی اختر,اسمہ نواز ،آرآئی یو جے کے سابق صدر عابد عباسی،پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری جاوید بھاگٹ اور دیگر سینئر صحافیوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی تحسین فواد ایم پی اے نے کہا کہ سیاستدانوں اور صحافیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے ،صحافیوں کو کام کے ساتھ ساتھ تفریح کا موقع فراہم کر کے آر آئی یو جے نے بہترین اقدام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت شہباز شریف اور مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔
آرآئی یو جے کے صدر طارق علی ورک نے کہا کہ ہماری تنظیم میڈیا ورکرز کی جاب سیکورٹی کے ساتھ ساتھ انہیں تفریح بھی فراہم کرتی رہے گی۔
پروڈیوسر انور ماہی اور حرا چوہدری کے اس ڈرامے کو صحافیوں اور ان کی فیملیوں نے بہت پسند کیا اور اسے صاف ستھری تفریح قرار دیا۔فلک بٹ ،صنم خان،واجد خان، سونیا راجپوت ،سحر خان ،انور ماہی ،زاہد بھٹی ،ثناء خان،سلمان سنی سائیں ذاکر اور شاہد نوشاد کی بے ساختہ اداکارہ پر بار بار تالیاں بجا کر داد دی جاتی رہی ۔ساگر شور شرابہ اور رفاقت کھوکھر کی صلاحیتوں کا بھی خوب اعتراف کیا گیا۔