لاہور: معاشی تعاون تنظیم (ECO) نے پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی شہر لاہور کو سال 2027 کے لیے ’ای سی او ٹورازم کیپٹل‘ نامزد کر دیا، جو ملک اور خصوصاً صوبہ پنجاب کے لیے ایک نمایاں بین الاقوامی اعزاز ہے۔
ای سی او کے 25 رکنی وفد کی جانب سے 13 اپریل سے لاہور کا دورہ شروع کیا جائے گا، جس دوران باضابطہ اعلان کیا جائے گا کہ لاہور کو سیاحت کا علاقائی مرکز قرار دیا گیا ہے۔ وفد کی آمد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی دعوت پر ہو رہی ہے۔
ای سی او میں شامل 10 ممالک — ترکیہ، ایران، افغانستان، پاکستان، آذربائیجان، قزاقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان — ہر سال ایک رکن ملک کے شہر کو سیاحتی دارالحکومت کے طور پر نامزد کرتے ہیں۔ لاہور سے قبل ازبکستان کا شہرِ سبز اور ترکیہ کا اَذرُوم یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
یہ اعزاز لاہور کو اس کے بھرپور تاریخی، تہذیبی، اور سیاحتی ورثے کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ ای سی او کا یہ سلسلہ 2019 میں شروع ہوا تاکہ رکن ممالک کے تاریخی و ثقافتی حسن کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔
لاہور میں منعقد ہونے والے دورے کے دوران ای سی او کی مستقل مندوبین کونسل کا اجلاس سول سیکریٹریٹ میں ہوگا، جب کہ وفد میلہ چراغاں، والڈ سٹی، اور سیف سٹیز اتھارٹی سمیت مختلف مقامات کا دورہ کرے گا۔ وفد کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ لاہور کو یہ اعزاز ملنا نہ صرف تاریخ، ثقافت اور ورثے کے اعتراف کا اظہار ہے بلکہ یہ قدم ملک میں عالمی سیاحت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں لاہور کے تاریخی و ثقافتی رنگ دنیا بھر کے سامنے لائے جائیں گے۔