اسلام آباد ۔ماری انرجیز لمیٹڈ (سابقہ ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ) وزیرستان بلاک میں واقع سپن وام-1 کنویں سے چوتھا گیس اورتیل کا ذخیرہ دریافت کر لیاہے۔ یہ دریافت سپن وام-1 کنویں کی لوک ہارٹ فارمیشن میں ہوئی ہے، سپن وام ، وزیرستان بلاک ، ضلع شمالی وزیرستان خیبر پختونخواہ صوبے میں واقع ہے۔
یہ دریافت 25 فروری ، 17 مارچ ، اور 3 اپریل، 2025 کو اسی کنویں میں سماناسک، کاواگڑھ، اور ہنگو فارمیشنز میں ہائیڈرو کاربن کی دریافتوں کا تسلسل ہے۔64 /64″ کے قطر کی گیس پائپ لائن اور 3,264 psig کے ویل ہیڈ فلونگ پریشر پر 70.3 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس اور 310بی بی ایل یومیہ تیل کا بہاو دیکھاگیاہے۔
ماری انرجیز کے مینیجنگ ڈائریکٹر / سی ای او جناب فہیم حیدر نے نئے ہائیڈروکاربن ذخائر کی تلاش اور ترقی کے لیے کمپنی کی جانب سے مسلسل کوشش کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پیٹرولیم کے وزیر، ڈی جی پی سی، صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مقامی کمیونٹیز اور مشترکہ منصوبہ کے شراکت داروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے آپریشنز کے دوران مسلسل اور قیمتی تعاون فراہم کیا۔
ماری انرجیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر (ریٹائرڈ) نے ماری انرجیز ٹیم کی جانب سے اس اہم سنگ میل کو حاصل کرنے کے لیے لگن اور کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے وزیرستان جوائنٹ وینچر کی کامیابی کو یقینی بنانے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں، شراکت داروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شراکت داروں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔