لاہور۔پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ حبا بخاری اور ان کے شوہر آریز احمد نے نادیہ خان کے ساتھ ہونے والے تنازع پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کھل کر بات کی۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حبا بخاری اور آریز احمد نے اس تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس کا مداحوں کو کافی انتظار تھا اور جو سوشل میڈیا پر بھی خاصا زیرِ بحث رہا تھا۔
نادیہ خان نے حبا بخاری کے حمل کی خبر پہلے ہی منظرِ عام پر لا دی تھی، جس پر حبا بخاری کو اپنی نجی زندگی کا راز افشا ہونے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آریز احمد نے اس تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں تقریباً ہر شخص کو معلوم تھا کہ وہ والدین بننے والے ہیں، لیکن لوگوں میں اتنی شائستگی ہوتی ہے کہ وہ خود سے اس خوشخبری کو پبلک نہیں کرتے۔ نادیہ خان نے یہ خبر ٹیلی ویژن پر آ کر دی، حالانکہ وہ بھی اس بات سے بخوبی واقف تھیں۔
آریز احمد نے نادیہ خان کو سخت الفاظ میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ باتیں ایسی ہوتی ہیں جو آپ کی ذاتی ہوتی ہیں اور آپ خود ہی دنیا کو ان کے بارے میں آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر حبا بخاری نے ہم ایوارڈز کے حوالے سے بھی اپنی رائے دی اور بتایا کہ جب وہ حاملہ تھیں تو انہیں کس طرح تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کی اپنی رائے ہوتی ہے اور شاید کچھ لوگوں کو ان کا لباس یا حالت پسند نہ آئی ہو، مگر وہ ہمیشہ اپنے آپ کو دیکھتی ہیں اور دوسروں کی رائے کو نظرانداز کر دیتی ہیں۔
آریز احمد نے اپنی اہلیہ حبا بخاری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ حمل کے دوران ایک عورت کا کام کرنا فطری بات ہے اور لوگوں کو اس کے ساتھ ایسا سلوک کرنا چاہیے جیسے وہ کسی بھی عورت کے ساتھ کریں۔ اگر کوئی عورت آٹھویں مہینے میں کام کر رہی ہے تو یہ اس کی ذاتی مرضی ہے اور اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔