اسلام آباد ۔پاکستان اور ابوظہبی کے درمیان بینکنگ، معدنیات، ریلوے اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

وزیراعظم سے ابوظہبی کے ولی عہد اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ، شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے ولی عہد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور پاکستان و متحدہ عرب امارات کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کو دہرایا۔ دو طرفہ ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے اس ماہ کے آغاز میں ولی عہد کے ساتھ ہونے والی اپنی انتہائی مفید ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ دونوں ممالک اپنے قریبی سیاسی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دورۂ ازبکستان کے دوران ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے پر بات چیت ہوئی، جہاں ازبکستان نے بھی اس منصوبے میں نمایاں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے گوادر اور ابوظہبی کی بندرگاہوں کو نمایاں فوائد حاصل ہوں گے اور یہ پورے خطے کے لیے ایک انقلابی پیش رفت ثابت ہوگا۔

وزیراعظم نے مشکل وقتوں میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی مستقل اور مضبوط معاونت کو سراہا اور پاکستانی اداروں میں سرمایہ کاری بڑھانے میں امارات کی گہری دلچسپی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پاکستانی اداروں اور ابوظہبی پورٹس کے درمیان حالیہ کامیاب سرمایہ کاری کے معاہدے اس مستحکم اور فروغ پذیر تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید، جو اعلیٰ حکام اور کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد کے ساتھ پاکستان آئے، انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی و استحکام کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے کا مشاہدہ کیا۔ بینکنگ، معدنیات، ریلوے اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version