بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں ایک شادی اس وقت ہنگامے میں بدل گئی جب دلہا نے منڈپ میں دلہن کے بجائے اس کی سہیلی کو ورمالا پہنا دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، 26 سالہ رویندر کمار اپنی بارات کے ساتھ پنڈال میں پہنچا، لیکن نشے میں دھت ہونے کی وجہ سے غلطی سے دلہن کی سہیلی کو شادی کی ورمالا پہنا دی۔ یہ دیکھ کر 21 سالہ دلہن رادھا دیوی غصے میں آگئی اور اس نے دلہا کو تھپڑ مار کر شادی منسوخ کردی۔

اس واقعے کے بعد شادی کی تقریب میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی، جہاں دلہن اور دولہا کے رشتہ داروں نے ایک دوسرے پر کرسیاں برسانا شروع کردیں۔ تاہم، یہ شادی کا واحد تنازعہ نہیں تھا۔

دلہن کے خاندان کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق، رویندر کمار کے اہلِ خانہ نے شادی سے قبل اور تقریب کے دوران اضافی جہیز کا مطالبہ کیا تھا۔ دلہن کے والد نے دعویٰ کیا کہ وہ پہلے ہی ڈھائی لاکھ روپے شادی سے پہلے اور مزید دو لاکھ روپے شادی کے دن دے چکے تھے، لیکن یہ رقم دولہا کے گھر والوں کے لیے ناکافی تھی۔

مزید برآں، اطلاعات کے مطابق، رویندر کمار کسی اور لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا، اور اس نے بارات میں پہنچنے سے پہلے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر شراب نوشی کی تھی۔

شادی کی رسم کے دوران، نشے کی حالت میں ہونے کی وجہ سے وہ اپنی دلہن کے بجائے اس کی سہیلی کو ورمالا پہنا بیٹھا۔ اس پر رادھا دیوی نے شدید ردعمل دیا، دلہا کو تھپڑ مارا اور شادی چھوڑ کر چلی گئی۔

جلد ہی دونوں خاندانوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی، اور پنڈال میں کرسیاں اُڑنے لگیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کو قابو میں کیا اور دلہا سمیت اس کے چند دوستوں کو حراست میں لے لیا۔

پولیس نے رویندر کمار اور اس کے گھر والوں کے خلاف جہیز مانگنے اور عوامی امن میں خلل ڈالنے کے الزامات میں مقدمہ درج کرلیا۔ ساتھ ہی، اطلاعات کے مطابق دلہا کے دوستوں نے غیر قانونی شراب خرید کر اسے پلائی تھی، جس پر شراب فروخت کرنے والے ایک شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Share.
Leave A Reply

Exit mobile version