اسلام آباد۔الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق معاملے کو سماعت کے لیے مقرر کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف سیکریٹری اور سیکریٹری بلدیات پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، الیکشن کمیشن نے متعدد بار حکومت پنجاب کو خطوط ارسال کرکے بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست کی، تاہم تاحال حکومت پنجاب کی جانب سے کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور انتخابات نہ کرانے پر کیس کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔ یہ سماعت 26 فروری کو ہوگی، جس کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت کو قانون سازی کے متعدد مواقع فراہم کیے گئے، تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔