نارووال۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلسل خطوط موصول ہو رہے ہیں، درخواستیں کی جا رہی ہیں کہ خدا کے واسطے ہمیں بچا لیں، ملک کے ہر کونے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں سوائے اڈیالہ جیل کے، جہاں سے صرف مایوسی کی خبریں سننے کو مل رہی ہیں۔ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، اور میں اپنی کارکردگی کے ساتھ آپ کے سامنے حاضر ہوں۔
پنجاب کے شہر نارووال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ وزیراعلیٰ بننے کے بعد میرا پہلا عوامی اجتماع نارووال میں ہو رہا ہے، اور میں اپنی ایک سالہ کارکردگی کا حساب دینے آپ کے سامنے آئی ہوں۔ دو سال قبل ملک بھر سے مایوس کن خبریں آ رہی تھیں، مگر آج پورے پاکستان سے حوصلہ افزا اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، بس ایک جگہ، اڈیالہ جیل، جہاں سے صرف فریادیں کی جا رہی ہیں کہ ہمیں بچا لیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکال لیا گیا ہے، اور ہم انتھک محنت کرکے عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ جس نواز شریف کو گرانے اور سیاست سے مٹانے کی کوشش کی گئی، آج وہی نواز شریف وفاق میں اپنے بھائی کے ذریعے حکومت کر رہا ہے اور پنجاب میں اس کی بیٹی خدمت میں مصروف ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہاں گئے وہ لوگ جو پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کرتے تھے؟ آج ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔ عوام خود گواہ ہیں کہ نواز شریف نے ملک کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ وقت نے ثابت کر دیا کہ ہمارے مخالفین کے پاس عوام کی خدمت کے بجائے صرف بغض، حسد، گالم گلوچ اور بدتمیزی کا ایجنڈا تھا۔ عمران خان کے دور میں اسٹاک مارکیٹ بحران کا شکار تھی، جبکہ آج مارکیٹ مستحکم ہو کر ترقی کر رہی ہے۔ ماضی میں ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا، لیکن آج صورتحال یکسر مختلف اور بہتر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں پنجاب کا ذکر صرف بدعنوانی کے اسکینڈلز میں آتا تھا، کبھی گوگی کے نام پر، کبھی پنکی کے نام پر۔ اس وقت سفارش اور رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا تھا، لیکن ہم نے گزشتہ ایک سال میں دن رات محنت کرکے پنجاب کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ آج صوبے میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے، اور روٹی کی قیمت 25 روپے سے کم کر کے 12 سے 13 روپے تک لائی جا چکی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت غریبوں کے لیے گھروں کی تعمیر میں معاونت فراہم کر رہی ہے، کسانوں کے لیے کسان کارڈ متعارف کروایا گیا ہے، جبکہ معذور افراد کو ہمت کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ جو لوگ نوجوانوں کے نام پر سیاست کرتے رہے، انہوں نے یوتھ کو کیا دیا؟ ہم نے تعلیمی اسکالرشپس کو بڑھا کر 50 ہزار کر دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان تعلیم حاصل کر سکیں۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ عناصر جو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ترغیب دیتے ہیں، وہ کسی کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ معیشت میں بہتری آئے گی تو عام آدمی کی زندگی میں بھی خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی ایک لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ مستحق افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ صوبے میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔