اسلام آباد۔دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکہ کی جانب سے بھارت کو جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کی فراہمی کے اعلان پر شدید تشویش ہے۔ ہم انڈو-یو ایس مشترکہ بیان کو بے بنیاد اور اصولوں کے منافی قرار دیتے ہیں۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان، جو خود دہشت گردی سے متاثرہ ملک ہے، ہمیشہ عالمی امن کا حامی رہا ہے۔ ہماری دفاعی حکمت عملی مکمل طور پر اپنے دفاع کے لیے ہے اور کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتی۔
ترجمان نے لیبیا کشتی حادثے کے حوالے سے بتایا کہ اب تک 16 پاکستانی شہریوں کی شناخت ہو چکی ہے، اور ان کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ پاکستانی سفارتخانہ دیگر لاشوں کی شناخت کے عمل میں مصروف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی سے متعلق معاملہ پاک-امریکہ دوطرفہ روابط کا حصہ ہے، اور کسی بھی ملک کو حق حاصل ہے کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیج سکے۔
ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں دو کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق انہیں ان کا حق ملنا چاہیے۔