پشاور۔عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے اہم انکشافات کیے ہیں اور عندیہ دیا ہے کہ وہ وقت آنے پر تمام حقائق سامنے لائیں گی۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر مشال یوسفزئی نے کہا کہ:میرے خلاف پارٹی میں منظم پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔پارٹی کے اندر ایک لابی میرے خلاف سرگرم ہے۔مجھے سازش کے تحت کابینہ سے ہٹایا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی چیئرمین کے واضح احکامات ہیں کہ یا تو پارٹی عہدہ رکھا جائے یا کابینہ کا حصہ بنا جائے۔ اس حوالے سے خیبرپختونخوا میں گورننس سے متعلق بھی سخت ہدایات دی گئی ہیں، جن کے تحت صوبائی کابینہ میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں اور وزراء کو پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دینا ہوگا۔
مشال یوسفزئی نے کہا کہ وہ اب بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ بشریٰ بی بی اپنی مرضی سے ڈی چوک سے نہیں آئیں۔بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ ہیں، ان سے کوئی اختلاف ہو ہی نہیں سکتا۔بانی پی ٹی آئی جس پر ہاتھ رکھیں گے وہی لیڈر ہوگا، جس پر نہیں وہ لیڈر نہیں ہوگا۔بشریٰ بی بی نے واضح کیا ہے کہ وہ اب عمران خان کے ساتھ ہی باہر نکلیں گی۔انہیں عام قیدیوں جیسی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔
مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر وہ تمام حقائق عوام کے سامنے لائیں گی اور پارٹی کے اندرونی معاملات پر مزید روشنی ڈالیں گی۔