اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا قریبی اور قابلِ اعتماد برادر ملک ہے، اور اس کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی پر آئی ایم ایف کے ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے خدشات ختم ہو گئے ہیں، کیونکہ آئی ایم ایف کی سربراہ نے واضح کیا ہے کہ اگر پاکستان بجلی کی قیمتوں میں کمی کا قابلِ عمل منصوبہ پیش کرے تو اس پر غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر سے دوطرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی شریک تھے۔ دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں دو طرفہ اہم ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ دبئی میں پاکستانی سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوئی، جس میں سرمایہ کاروں نے کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے کے حوالے سے مثبت تجاویز دیں۔ اس دوران انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی گئی۔
مزید برآں، وزیراعظم نے کہا کہ دن رات کی محنت کے نتیجے میں پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے، لیکن معیشت کی بہتری کے لیے مزید محنت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف مسلسل محنت سے ہی اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا اور قرضوں سے نجات حاصل کرے گا۔ انہوں نے والد کی بات دہراتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ایم ڈی نے پاکستان کے حالیہ اقدامات کو سراہا اور وزیر توانائی و وزیر خزانہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 50 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، اور وہاں فوری طور پر تعمیرِ نو کا کام شروع ہونا چاہیے۔
مزید برآں، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں، اور ڈینگی کے بحران کے دوران سری لنکن ڈاکٹروں نے پاکستان کی بھرپور مدد کی تھی۔