اسلام آباد۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے قومی ٹیم پر تنقید سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چاہے ٹیم جیتے یا ہارے، ہمیں اس کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں مزدوروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر و ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے، اور جلد باقی ماندہ حصوں کی تکمیل کے بعد ایک شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ قومی ٹیم کے ساتھ کھڑے رہیں، کیونکہ ماضی کے نتائج کی طرح آگے بھی ٹیم بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔ پی سی بی کو محمد رضوان، سلیکشن کمیٹی اور پوری ٹیم پر مکمل اعتماد ہے۔
محسن نقوی نے پُرعزم انداز میں کہا کہ کھلاڑی میدان میں بہترین کھیل پیش کریں گے اور اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہوگی۔ انہوں نے کراچی کے کرکٹ شائقین کو خوشخبری دی کہ نیشنل اسٹیڈیم میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس میں سندھ حکومت اور میئر کراچی کا بھرپور تعاون شامل ہے، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ شائقین کی سہولت کے لیے پارکنگ کی جگہ مختص کی جا رہی ہے، اسٹیڈیم کے تمام دروازے کھول دیے گئے ہیں، اور یہ کراچی کے شہریوں کے لیے ایک خوشی کا موقع ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر میں حصہ لینے والے مزدوروں کو کل کے میچ کے ٹکٹس دیے جائیں گے تاکہ وہ قومی ٹیم کا میچ دیکھ سکیں اور کامیابی کے لیے دعا کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ لاہور میں کنٹریکٹرز کو ٹکٹ دینے کی وجہ سے کئی شائقین محروم رہ گئے تھے، جس سے سبق سیکھا گیا ہے۔