دبئی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا ہے کہ ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے، جو 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ہو اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
یہ خیالات انہوں نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ سے خطاب کے دوران پیش کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس عالمی برادری کو درپیش چیلنجز اور انسانی ترقی کے مواقع پر تبادلہ خیال کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کے تنازع کا واحد منصفانہ حل 1967ء سے قبل کی حدود میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے۔
وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ غزہ میں جاری نسل کشی کے نتیجے میں 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، جس میں ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہو، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔ ان کے مطابق، پائیدار امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران پاکستانی قوم کو بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، تاہم، ہمارا “اڑان پاکستان” منصوبہ قومی معیشت میں مثبت تبدیلی لانے کا ایک اہم اقدام ہے، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور شرح نمو میں نمایاں اضافے کا سبب بنے گا۔