اسلام آباد ۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے وفاقی کابینہ نے سکیورٹی منصوبے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت، میچز کے دوران سکیورٹی کے فرائض سول آرمڈ فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے مختلف ٹیمیں 12 فروری سے پاکستان پہنچنا شروع کریں گی۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، پنجاب اور سندھ کی جانب سے درخواست کے بعد وفاقی کابینہ سے سکیورٹی انتظامات کی باضابطہ منظوری لی گئی ہے۔
وزارت داخلہ نے ٹیموں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور صوبائی ہوم ڈیپارٹمنٹس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔