اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ہمارا جلسہ صرف صوابی میں ہوگا، اور ہمارا کسی قسم کے تصادم یا انتشار کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مولانا فضل الرحمان عوام کے خلاف نہیں کھڑے ہوں گے اور عدلیہ پر کسی بھی حملے کی مخالفت کریں گے۔
اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کیسز کی شکل میں ہم پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، تاہم ہم صوابی میں اپنی آواز بلند کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد آئین اور عدلیہ کے اصولوں کی پاسداری کے لیے ہے، اور جو ساتھ دینا چاہے، دے، ورنہ پی ٹی آئی تنہا ہی آگے بڑھے گی۔
دوسری جانب، واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 8 فروری کو مینارِ پاکستان میں جلسے کی اجازت طلب کی تھی، تاہم ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، 8 فروری کو لاہور میں ایک کرکٹ میچ، انٹرنیشنل اسپیکر کانفرنس، اور ہارس اینڈ کیٹل شو منعقد ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہزاروں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں، اور کسی اضافی عوامی اجتماع کی اجازت دینا ممکن نہیں سمجھا جا رہا۔