پشاور۔پاکستان تحریکِ انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کے پہلے دورہ پشاور کے دوران بعض اہم رہنماؤں کی اجلاس میں عدم شرکت نے مختلف سوالات کو جنم دے دیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ان کی ملاقات نہ ہونے پر بھی چہ مگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔
جنید اکبر نے خیبرپختونخوا میں صدر منتخب ہونے کے بعد اتوار کے روز پہلی بار پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف تنظیمی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور صوابی میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی۔ مصروف دن گزارنے کے بعد وہ واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ تاہم، ان کی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات نہ ہونا خاص طور پر توجہ کا مرکز بن گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے بانی نے جنید اکبر اور علی امین گنڈاپور کو اپنے اپنے دائرہ کار تک محدود رہنے کی ہدایت دی ہے، جس کے تحت گنڈاپور اب تنظیمی معاملات میں کوئی کردار ادا نہیں کر رہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ صرف آٹھ تاریخ کو ہونے والے جلسے میں شرکت کر کے تقریر کریں گے اور فوراً روانہ ہو جائیں گے۔
جنید اکبر نے اتوار کو پشاور ویلی، ساؤتھ اور ہزارہ کے اراکین اسمبلی اور تنظیمی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں، لیکن کئی اہم رہنماؤں کی اجلاس میں غیرحاضری سے پارٹی کے اندر اختلافات کی قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگی ہیں۔ تاہم، پارٹی ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی اپنی حلقوں کی مصروفیات کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے۔