اسلام آباد۔وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صنعتی شعبے، خاص طور پر کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کے نرخ بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمت میں 500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔ اب ان پلانٹس کے لیے گیس کا نیا نرخ 3000 روپے سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق، گیس کے نئے ٹیرف کا اطلاق یکم فروری 2025 سے ہوگا، تاہم گھریلو صارفین اور دیگر انڈسٹری کے لیے قیمتوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔ ای سی سی نے اپنے گزشتہ اجلاس میں کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے اس اضافے کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ حکومت گیس ٹیرف کا یکساں نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جبکہ اوگرا نے بھی گیس کے اوسط ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ دوسری جانب، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ایک ہی سال میں گیس کی قیمتوں میں تیسری بار بڑے اضافے کا مطالبہ پیش کیا ہے۔