اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے عام انتخابات کے ایک سال مکمل ہونے پر 8 فروری کو ملک میں یوم تعمیر و ترقی منانے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں رواداری کو فروغ دیا جانا چاہیے اور معیشت کے حوالے سے اچھے اشارے سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست ہو یا کھیل کا میدان، ہر جگہ تلخیاں کم ہونی چاہییں اور اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ 8 فروری کو ملک میں تعمیر و ترقی کا آغاز ہوا تھا، اس لیے اس دن کو یوم تعمیر و ترقی کے طور پر منایا جائے گا۔
عطااللہ تارڑ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں منعقد ہو رہی ہے، جس سے ہمارے میدانوں کی رونقیں دوبارہ بحال ہو رہی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بھی شاندار رہی ہے۔