ملتان۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر 202 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ دوسری اننگز میں گرین شرٹس نے تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنالیے۔ دن کے اختتام پر کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پہلی اننگز
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے دوسرے روز 143 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا آغاز کیا۔ محمد رضوان اور سعود شکیل کی 141 رنز کی شاندار شراکت کے باوجود ٹیم 230 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رضوان نے 71 اور سعود نے 84 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن اور جیڈن سیلز نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیون سنکلیئر نے 2 اور گڈاکیش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں انتہائی ناقص کارکردگی دکھائی اور پوری ٹیم محض 137 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی نے بالترتیب 4 اور 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ لی۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے سب سے زیادہ 11 رنز بنائے، جبکہ جومل واریکن 31 اور گڈاکیش موتی 19 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دوسری اننگز
پاکستان نے دوسری اننگز میں پراعتماد آغاز کیا، تاہم کپتان شان مسعود 52 اور محمد ہریرہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم صرف 5 رنز بناسکے۔
پہلا روز
میچ کے پہلے روز خراب موسم کے باعث ٹاس تاخیر سے ہوا، جس میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم ابتدائی بلے باز زیادہ متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تھے۔
پلئینگ الیون
پاکستان کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں، جبکہ ٹیم میں بابراعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد، ابرار احمد اور محمد ہریرہ شامل ہیں۔ نوجوان کھلاڑی محمد ہریرہ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔
پاکستان کی کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز پر مزید دباؤ ڈال کر یہ میچ اپنے نام کرے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن کا اختتام کامیابی سے کرے۔