نئی دہلی ۔بھارتی بحریہ کا جدید ہرمس 900 ڈرون گجرات کے پوربندر میں تجرباتی پرواز کے دوران تباہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق یہ ڈرون بھارتی فوج اور بحریہ کی خفیہ نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے خریدا گیا تھا۔ ہرمس 900 ڈرون، جس کی قیمت تقریباً 145 کروڑ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے، اڈانی ڈیفنس اینڈ ایئرواسپیس اور اسرائیلی دفاعی فرم ایلبٹ سسٹمز کے تعاون سے تیار کیا گیا تھا۔
بھارتی بحریہ اور دیگر مسلح افواج میں جدید ہتھیاروں کے استعمال کے دوران حادثات کوئی نئی بات نہیں ہیں۔ رواں سال بھارتی کوسٹ گارڈ کے “دھرو ہیلی کاپٹرز” تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے گراؤنڈ کیے گئے، جبکہ ستمبر 2024 میں بحریہ کی آبدوز آئی این ایس اریگھاٹ کو تکنیکی مسائل کے باعث بیڑے سے نکال دیا گیا۔
مزید یہ کہ جولائی 2024 میں جنگی جہاز آئی این ایس برہم پترا میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، اور 2019 میں بھارتی بحریہ کا ایک جنگی ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ اسی طرح مارچ 2018 میں بھی بھارتی بحریہ کا ایک ریموٹ کنٹرول ڈرون پرواز کے فوراً بعد پور بندر کے علاقے الہاس نگر میں تباہ ہو گیا تھا۔
بھارتی بحریہ کے پاس تقریباً 14 آبدوزیں ہیں، لیکن ان میں سے صرف 7 آپریشنل ہیں، جبکہ باقی تکنیکی خرابیوں کا شکار ہیں۔ بھارت کی جانب سے جنگی جنون کو پروان چڑھانے کے لیے جدید ہتھیاروں کے انبار لگائے جا رہے ہیں، لیکن ان ہتھیاروں کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کی صلاحیت اور اہلیت کی شدید کمی ہے۔
آئے روز پیش آنے والے حادثات بھارتی مسلح افواج کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جو نہ صرف قیمتی اثاثوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھارتی افواج کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بھی چھوڑ رہے ہیں۔