اسلام آباد ۔بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعا ہے کہ عمران خان کو کل ہی سزا سنا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جج نے کیس سننے میں اتنا وقت لیا، اب فیصلہ دینے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان جیل میں اپنا نام سرخرو کرنے کے لیے موجود ہیں اور وہ ججز پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عدلیہ کا امتحان ہے اور بانی پی ٹی آئی نے عدلیہ کو آزمائش میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں شفاف رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ القادر کیس کو “احمقانہ” قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف تاریخوں پر پیش ہو رہے ہیں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ اگر بریت ہونی ہوتی تو پہلے ہی دن ہو جاتی، لیکن اگر کسی جج نے بیانیہ یا غلط فیصلہ دیا تو میڈیا اس کا محاسبہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو انصاف پر مبنی فیصلہ دینا ہوگا ورنہ شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ان کے مطابق عمران خان کا یہ امتحان نہیں بلکہ عدلیہ کا امتحان ہے، اور بانی پی ٹی آئی نے عدالتوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔