لاہور۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاسی حیثیت عمران خان کے برابر نہیں ہے۔
مذاکراتی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر کہیں ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے تو یہ اعتماد کی بنیاد پر ممکن ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کو خیبر پختونخوا کے انتخابات پر اعتراض ہے تو آئیں اور حلقے کھول لیتے ہیں۔ مولانا صاحب، آپ کے ساتھ جو وعدے کیے گئے تھے، وہ پورے نہیں ہوئے، اور اس میں آپ کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اس قسم کے بیانات دے گا تو میں بطور وزیر اعلیٰ اس کا جواب ضرور دوں گا۔ جن لوگوں نے آپ کے ساتھ وعدے خلافی کی ہے، ان کا نام لیں اور ہم پر الزام نہ لگائیں۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان یہ کہتے ہیں کہ میری تیسری درجے کی قیادت عمران خان سے ملاقات کرے گی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کی سیاسی حیثیت عمران خان کے برابر نہیں ہے۔