اسلام آباد۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکراتی عمل کو “مذاق رات” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پی ٹی آئی کی طرف سے کسی قسم کا کوئی پیغام موصول نہیں ہوا ہے۔
قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پانچ منٹ پہلے مذاکرات کے عمل میں شامل وزراء سے پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کے حوالے سے دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ اب تک کسی نے رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو آگاہ کرے کہ وہ مذاکرات کرنا چاہتی ہے، اور اس عمل کا آغاز اسپیکر کے ذریعے ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی کے رابطہ کرنے کے بعد ہی ہم کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ حالات میں پی ٹی آئی جو بات کر رہی ہے، اس کا موازنہ 26 نومبر سے پہلے کے ان کے رویے سے کرنا ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی زبان اور انداز میں اب تک کوئی واضح تبدیلی نہیں آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مذاکرات کرنا ہیں تو زبان کو نرم اور لہجے کو معتدل رکھنا ہوگا۔ حکومت سے مذاکرات کا آغاز تحریک انصاف کے بانی کو خود کرنا چاہیے کیونکہ ان کے علاوہ پارٹی میں کسی اور کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔