پشاور۔خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاراچنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں پر حملہ کر کے 10 افراد کو ہلاک اور 20 کو زخمی کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق، ضلع کرم کے علاقے اوچت میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔ یہ گاڑیاں پاراچنار سے پشاور کی جانب روانہ ہو رہی تھیں کہ قافلے میں شامل گاڑیوں کو پہاڑوں سے نشانہ بنایا گیا۔
گاڑیوں پر خودکار ہتھیاروں سے بھرپور فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 10 افراد، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، جاں بحق ہوگئے، جبکہ 18 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔